خاتون صحافی شاہینہ بلوچ کے قتل کا معمہ حل نہ ہوسکا

661

تربت میں خاتون صحافی شاہینہ شاہین بلوچ کو کس نے قتل کیا؟ چار روز بعد بھی معلوم نہ ہوسکا۔

خیال رہےکہ 5 ستمبر کو  صحافی اور سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کو تربت میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق شاہینہ کو زخمی حالت میں محراب گچکی نے مقامی اسپتال منتقل کیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتولہ کا شوہر محراب گچکی غائب ہے جسے پولیس اب تک تلاش کرنے میں ناکام ہے۔

واضح رہے کہ شاہینہ  بلوچ کے قتل کا مقدمہ اس کے ماموں کی جانب سے شوہر محراب گچکی کے خلاف درج کرایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش جاری ہے اور شاہینہ بلوچ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ایک دو روز میں ملنے کا امکان ہے جس کے بعد کیس کی تحقیقات مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق شاہینہ بلوچ نے 5 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی جو کہ ان کی دوسری شادی تھی۔

دوسری جانب کولیشن فار ویمن ان جرنلزم (سی ایف ڈبیو آئی جے) نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی وی بولان کی اینکر شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل کی تحقیقات جلد از جلد کرکے قاتل کو سزا دی جائے۔

کولیشن فار ویمن ان جرنلزم کے بیان کے مطابق سی ایف ڈبیو آئی جے پاکستان میں خاتون صحافی کے قتل پر مشتعل ہے۔ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک میں دوسری مرتبہ کسی خاتون صحافی کو قتل کیا گیا۔