کراچی میں بارشوں کے بعد حب ندی پر تعمیر کئے گئے پل کے پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئیں جس سے پل کے کمزور ہوکر گرجانے کا خدشہ ہے۔
حب چوکی کے قریب حب ندی پہ بنائے جانے والے پل کے پلرز حالیہ بارشوں میں متاثر ہوئے ہیں، پل کے پلرز کی سپورٹ کے لئے بنائے جانے والی چاروں اطراف کی دیوار بارشوں کے باعث گرگئی ہے جس سے پل کے پلرز کمزور ہونے کا خدشہ ہے ۔
حب ندی کے 3 پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئی ہیں جبکہ دیگر کی حالت مخدوش ہے، حب ندی کے پلرز کی تشویشناک حالت سے متعلق شہری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر بھی کی ہے۔
ویڈیو میں شہری نے حکومت سےکسی بڑے حادثے سے بچنے کے لئے پلرز کی سپورٹ کے لئے بنائے جانے والی دیواروں کے گرنے کے بعد ان کی دوبارہ تعمیر کرنے اور پل کا تکنیکی معائنہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حب ندی کے اوپر تعمیر کئے گئے پل سے حب اور کراچی کے درمیان ہیوی ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ گزرتا ہے۔