بلوچستان: منشیات کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری

672

بلوچستان کے ضلع آواران میں اینٹی ڈرک ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام منشیات کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی آواران پریس کلب سے شروع ہوکر ڈی سی کمپلکس سے واپس ہو کر یو بی ایل بینک کے سامنے تقریب کی شکل اختیار کر گئی۔

اس موقع پر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا ہمیں منشیات سے پاک معاشرہ چاہئے۔ جب تک ہمارے معاشرے میں منشیات کے خلاف ایکشن نہیں لیا جاتا ہم اسی طرح ڈٹے رہیں گے۔ اور مزید ریلیاں نکالی جائیں گی۔

دریں اثناء ضلع کیچ کے تحصیل دشت میں دشت سول سوسائٹی کی جانب سے منشیات کی روک تھام اور ڈرگ سینٹر بنانے کے لیے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر منشیات کی روک تھام کے حوالے سے شرکا سے رائے لے کر لائحہ عمل طے کی گئی۔

جس کے بعد ایک مرکزی کمیٹی تشکیل دی گئی جو (انسداد منشیات کمیٹی دشت) کے نام سے اپنی ذمہ داریاں نبھا کر منشیات سے پاک دشت کے لئے اپنی کوششیں تیز کریگی اور بحالی سینٹر کی جلد قیام کے لیے علاقائی کمیٹیوں کی مدد میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

کیچ کے ہی علاقے بلیدہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق لیویز فورس نے منشیات کے اڈوں پر چھاپے مارے ہیں اور کئ منشیات فروش گرفتار ہوچکے ہیں۔

تاہم بلیدہ کے وہ نوجوان جنہوں نے منشیات کے خلاف منظم انداز میں تحریک شروع کی تھی انہوں نے حکام کے رویے سے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔