بلوچستان: بچوں کے کوئلہ کانوں میں کام کرنے پر پابندی عائد

302

حکومت بلوچستان نے کوئلہ کانوں میں چائلڈ لیبر کا نوٹس لیتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کے کوئلہ کانوں میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔

چیف مائنز انسپکٹر بلوچستان شفقت فیاض نے کہا ہے کہ 15 سال سے کم عمر کے بچے کوئلہ کی کانوں میں کام نہیں کرسکیں گے جب کہ ڈاکٹرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر 17 سال تک کے جوان بھی کوئلہ کان میں کام نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 17 سال کے جوان شخص کو 24 گھنٹے میں 12 گھنٹے آرام دینا لازمی ہوگا۔

چیف مائنز انسپکٹر نے مزید بتایا کہ اب محکمہ معدنیات کے انسپکٹر کے علاوہ محکمہ سماجی بہبود، محکمہ لیبر اور ضلعی انتظامیہ وپولیس بھی کوئلہ کان کا معائنہ کریں گے اور دوران چیکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر مائن مینیجر، ٹھیکیدار کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔