وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حیدرآباد بار کاونسل کے وکیل اور سندھ سجاگی فورم کے رہنماء ایڈووکیٹ محب آزاد لغاری آج حیدرآباد کورٹ جاتے ہوئے راستے سے پاکستانی ایجنسیوں کے ہاتھوں اٹھا کر جبری طور لاپتہ کیئے گئے ہیں۔
ایڈووکیٹ محب آزاد لغاری سندھ سجاگی فورم کے پلیٹ فارم سے سندھ بھر سے جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیئے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلا رہے تھے اور ایک وکیل کی حیثیت میں سندھ کے مسنگ پرسز کی فیملیز کو قانونی مدد فراہم کر رہے تھے ۔
ایڈووکیٹ محب آزاد لغاری حیدرآباد کے قریب ایک تاریخی گاوں ‘وانکی وسی’ کے رہائشی ہیں اور ایک کسان کے بیٹے ہیں، جو سیاسی، سماجی جدوجہد کی وجہ سے اپنے گاوں سمیت آس پاس کے سارے گاوں اور علاقے میں سرگرم سماجی رہنماء کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں۔
وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی جانب سے ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، ایڈوکیٹ محب آزاد سمیت تمام لاپتا افراد کی بازیابی کے لیئے کل سے سندھ بھر میں احتجاج و شدید ردعمل کا اعلان کیا گیا۔
دریں اثناء حیدرآباد بار کاونسل نے ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی جبری گمشدگی کے خلاف کل بروز ہفتہ کو ساری سندھ کی کورٹوں میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے سندھ بھر میں سخت احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔