ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی جبری گمشدگی پر سندھ بھر میں احتجاج

167

سندھ سجاگی فورم رہنماء ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی جبری گمشدگی کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج،
حیدرآباد میں سندھ سجاگی فورم، وی ایم پی، عوامی ورکرز پارٹی اور بار کاؤنسل کی جانب سے ریلی

وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ، سندھ سجاگی فورم اور سندھ بار کاؤنسل کی کی کال پر گذشتہ روز حیدرآباد کورٹ سے واپس جاتے ہوئے جبری طور لاپتا کیئے جانے والے وکیل اور سندھ سجاگی فورم کے رہنماء ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی آزادی کے لیئے آج کراچی، حیدرآباد، جامشورو، بدین اور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے کئی شہروں اور عدالتوں میں احتجاج کیا گیا۔

حیدرآباد میں احتجاجی ریلی کی رہنمائی سندھ سجاگی فورم رہنماء سارنگ جویو، سہنی جویو، دانشور تاج جویو، عوامی ورکرز پارٹی رہنماء بخشل تھلو، حیدرآباد بار کاؤنسل او ر جامشورو بار کاؤنسل کے رہنماء ایڈوکیٹ کے بی لغاری، میر احمد منگریو و دیگر سیاسی سماجی رہنماؤں نے کی۔

احتجاجی ریلی میں ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کے لواحقین سمیت پسگردائی کے دیہاتی کھیت کسانوں نے بھی بڑے تعداد میں شرکت کی۔

حیدرآاباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ایڈوکیٹ محب آزاد لغاری کی جبری گمشدگی کو عدلیہ پر حملہ سمجھتے ہیں، پاکستانی ریاست اور ایجنسیاں اگر اس طرح ماروائے قانون و ماروائے عدالت کاروائیاں کرتی رہیں گی تو پھر عدالتوں کو تالا لگادیں گے۔ اگر جبری لاپتا کیئے گئے ایڈوکیٹ محب آازاد لغاری کو رہا نہ کیا گیا تو بہت جلد ہم وکلاء برادری اور سول سوسائٹی مل کر اس معاملے پر ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔

دوسری جانب جامشورو، بدین، نوشہرو فیروز سمیت سندھ بھر میں عدالتی کاروائیوں کا بائکاٹ کرکے وکلاء برادری نے احتجاج رکارڈ کروایا۔

ایڈوکیٹ محب آازاد لغاری سمیت سندھ بھر سے جبری لاپتا افراد کی بازیابی کے لیئے کراچی، سجاول، ڈوکری سمیت سندھ کے کئی شہروں احتجاج کیئے گئے۔

دوسری جانب وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ، سندھ سجاگی فورم اور کراچی بار کاؤنسل کی وکلاء برادری نے ایڈوکیٹ محب آازاد لغاری سمیت تمام لاپتا افراد کی بازیابی کے لیئے کل اتوار کے دن کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایڈووکیٹ محب آزاد لغاری سندھ سجاگی فورم کے پلیٹ فارم سے سندھ بھر سے جبری لاپتا افراد کی بازیابی کے لیئے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلا رہے تھے اور ایک وکیل کی حیثیت سے سندھ کے مسنگ پرسز کی فیملیز کو قانونی مدد فراہم کررہے تھے۔

ایڈووکیٹ محب آزاد لغاری حیدرآباد کے قریب ایک تاریخی گائوں ‘وانکی وسی’ کے رہائشی ہیں اور ایک کسان کے بیٹے ہیں ، جو سیاسی ، سماجی جدوجہد کی وجہ سے اپنے گائوں سمیت آس پاس کے سارے گائوں اور علائقے میں سرگرم سماجی رہنما کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں۔