ایران پر پابندیاں لگانے کا قانونی جواز ہی نہیں – روس

408

نیوکلیئر ڈیل میں شامل تمام فریقوں نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں مسترد کردیں۔ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ہمیں ایسی امریکی انتظامیہ سے ڈیل کرنا پڑرہا ہے جو کامن سینس تک قبول کرنے کو تیار نہیں۔

جے سی پی او اے کے مشترکہ کمیشن کی ویانا میں میٹنگ ہوئی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ بیس ستمبر سے ایران پر امریکہ کی جانب سے پابندیاں لگانے کا قانونی جواز ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا بھی اس معاملے پر یہی موقف ہے۔ بیس اگست کو اقوام متحدہ میں پیش امریکی قرارداد کی پندرہ میں سے تیرہ اراکین نے یا تو مخالفت کی تھی یا ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیل سے یکطرفہ طور پر سن دوہزار اٹھارہ میں الگ ہوکر امریکہ اس معاملے میں کسی بھی اقدام کا حق کھو چکا ہے۔