یہ پشتو ٹپہ جیسا شخص کون ہے؟ – محمد خان داؤد

283

یہ پشتو ٹپہ جیسا شخص کون ہے؟

تحریر: محمد خان داؤد

دی بلوچستان پوسٹ

وائس آف بلوچ مسنگ پرسن کے پاس ویسے تو طویل لسٹ ہے۔ اس لسٹ میں سینکڑوں نام اور پتے درج ہیں، جو ریاست کو یہ بتانے کے لیے کافی ہے کہ کون کہاں کیسے اور کب غائب ہوا ہے۔ اس لسٹ میں بس گمشدہ لوگوں کے نام درج نہیں۔ ناموں کے ساتھ ان کے پتے، ان کے ہنر، ان کی شناختی علامتیں، ان کی ولدیت، ان کے گھر گلیوں کے نمبروں کے ساتھ حتیٰ کہ ان کی ماؤں کے نام بھی درج ہیں۔ بس ماؤں کے ہی نام نہیں پر اس لسٹ میں یہ بھی درج ہوتا ہے کہ کون سی محبوبہ کس محبوب کی منتظر ہے۔ بس یہ نہیں پر ان لسٹوں میں یہ بھی درج ہے کہ اگر ذاکر مجید تھا تو اس کی عُرفیت کیا تھی اس کا گھر میں نام کیا تھا۔ اس کے دوست اسے کس نام سے پکارتے تھے۔ فرزانہ اسے کیا کہہ کر بلاتی تھی۔ ماں اسے محبت سے کیا کہتی تھی۔ گھر، گلی، ایریا، محلہ اسے کس نام سے یاد کرتا تھا اور وہ خود کیا تھا ایسا سب کچھ اس لسٹ میں درج ہے۔

لسٹ نصراللہ بلوچ اکثر وبیشتر اپنے پاس رکھتے ہیں پھر وہ لسٹ اکثر طویل ہو تی رہتی ہے۔ روتی بہنیں، ماتم کرتی مائیں اور آنسو بہاتی محبوبائیں اس کیمپ میں آتی ہیں اور روتے روتے اپنا حال دل بیان کرتی ہیں، جس سے اس لسٹ میں اور کئی ناموں کا اضافہ ہوجایا کرتا ہے۔ ایسا بہت کم ہوا ہے کہ اس لسٹ سے کچھ نام کم ہوئے ہوں اور نصراللہ بلوچ نے خوشی خوشی اس لسٹ میں لکھے نام بمعہ عُرفیت کے کاٹ دیے ہوں۔ اس لیے کہ وہ گھروں کو لوٹ آئے ہوں نہیں ایسا نہیں ہوتا۔ اگر ایسا کسی دن ہو جائے تو اس کیمپ میں اس سے بڑی خوشی اور کوئی نہیں ہو تی۔

نصراللہ بلوچ ویسے تو شال میں ہوتے ہیں پر وہ شال میں ہو تے ہوئے بھی پو رے بلوچستان سے رابطے میں ہو تے ہیں اور اس کے علم میں وہ سب باتیں ہوتی ہیں کہ کون کہاں رہا ہوا اور کون کہاں اسیر۔ پر اس شخص کا نام اس لسٹ میں بھی درج نہیں جو سوئی کی فضاؤں میں آزاد ہوا ہے یا معلوم نہیں قید حالاں کہ وہ اسیری سے آزاد ہوا ہے اور اس کے آزاد ہونے پر بلوچستان کے پہاڑ ایاز کا یہ گیت بن گئے ہیں کہ ،،جنھن جی بہ گردن تان طوق لتھو مون ائین سمجھو منھنجی گردن ہلکی تھی!،، ،، جس کے بھی گردن سے طوق ہٹا میں یہ سمجھا میری گردن ہلکی ہوئی!،،

پر اس نامعلوم اسیر کے گردن سے طوق اتر جانے پر بھی اس کی گردن ہلکی نہیں ہوئی، اس کی گردن کئی سوالوں کی زد میں ہے، وہ کون ہے؟ اس کا نام کیا ہے؟ اس کے بابا کا نام کیا ہے؟ وہ بلوچستان کے کون سے علائقے سے اُٹھایا گیا تھا؟وہ کب اُٹھایا گیا ہے؟


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔