گیارہ اگست بلوچ وطن کے لئے تاریخی دن ہے – بی ایس او آزاد

518

سیاسی شعور آزادی کی منزل کو پانے اور برقرار رکھنے کا آلہ ہے۔ طالب علم اپنی توجہ مطالعے پہ مرکوز رکھیں کیونکہ بلوچ سماج انقلاب اور تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے – بی ایس او آزاد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے گیارہ اگست کی مناسبت سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ اگست بلوچ وطن کے لئے تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے۔ اس دن بلوچ نوجوانوں اور بزرگوں کی قربانیوں کی بدولت بلوچ قوم ایک آزاد ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور ریاستی امور کے فرائض سر انجام دینے کے لئے درالعوام اور دارالامرا قائم کیا لیکن بلوچ قوم کے سیاسی رہنماؤں کی ناعاقبت اندیشی، فیصلہ لینے کی صلاحیت سے محرومی، سیاسی شعور سے نابلدی اور غیروں پہ انحصار کرنے کی وجہ سے بلوچ ریاست زیادہ عرصے تک اپنی قومی آزادی کو برقرار نہ رکھ سکی اور نو مہینے کے مختصر عرصے میں پاکستانی اور برطانوی سازشوں کا شکار ہو کر غلامی کی زنجیروں میں جھکڑ لی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غلامی سے آزادی کا سفر اور آزادی سے غلامی کا سفر کئی سوالات اور خدشات کو جنم دیتا ہے کہ آیا آخر وہ کونسے عوامل کارفرما تھے کہ بلوچ آزادی برقرار رکھنے میں ناکام ہوئے؟

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ان سوالات اور خدشات پہ غور و خوض کرنے کے بعد ہی موجودہ تحریک آزادی کے مستقبل کا تعین کیا جاسکتا ہے۔ ان عوامل کو نظر انداز کرکے ہم بحثیت بلوچ ماضی کی غلطیوں کا مرتکب ہوسکتے ہیں جس کا خمیازہ ہمیں آزادی کی تحریک سے دستبرداری یا ایک مرتبہ پھر آزادی سے محرومی کی صورت میں مل سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آزادی نہ صرف ایک نعمت ہے بلکہ آزادی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا اولین زینہ ہے۔ دنیا میں وہی قومیں ترقی کے منازل طے کرتی ہے جو سیاسی شعور سے لبریز ہے سیاسی شعور آزادی کی منزل کو پانے اور آزادی کو برقرار رکھنے کا موثر آلہ ہے۔ سیاسی شعور کے بغیر آزادی کی امید کرنا ایک سراب کے سوا کچھ نہیں۔

ترجمان نے طالب علموں اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آزادی حاصل کرنے کے لئے جذبہ قربانی کے ساتھ سیاسی شعور اور مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہر افراد ہی قوموں کی کشتی کو منجدھار سے نکالنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
طالب علم اپنی توجہ مطالعے پہ مرکوز رکھیں کیونکہ بلوچ سماج انقلاب اور تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے اور انقلاب کی کامیابی کا دارومدار شعور یافتہ نوجوانوں کے کردار اور عمل کی بدولت ہی ممکن ہوسکتی ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں تمام زونوں کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ اگست یوم آزادی کے دن آگاہی پروگرام منعقد کریں اور بلوچ عوام اور طالب علموں کو آزادی کی اہمیت سے آگاہی فراہم کریں اور ان وجوہات کو تلاش کرنے کی کوشش کریں جس کی وجہ سے بلوچ عوام غلامی کی دلدل میں پھنس گئے۔