کرونا سے صحتیابی کے بعد امیتابھ بچن کا اظہار تشکر

144

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن 23 روز کے بعد کرونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

امیتابھ بچن 11 جولائی کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں گھربھیج دیا گیا۔

بگ بی نے اپنی صحتیابی کی خبر سے اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا پر خود آگاہ کیا۔

ٹوئٹر اور انسٹا پر 77 سالہ اداکار نے فالوورز کیلئے لکھا” آج صبح کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد مجھے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے، میں گھر آگیا ہو اور مجھے ابھی اپنے کمرے میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا”۔

اداکارنے دعائیں کرنے پر عزیزواقارب، مداحوں، دوستوں اوربہترین دیکھ بھال پر ناناوتی اسپتال کے عملے کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں ہاتھ جوڑ کر اظہار تشکر کرتا ہوں” ۔

امیتابھ بچن کے علاوہ ان کے بیٹے ابھیشک بچن، بہو اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور پوتی ارادھیا بھی کرونا کا شکارتھے، تاہم ایشوریا اوربیٹی کو اسپتال میں 10 روز زیرعلاج رکھنے کے بعد ٹیسٹ منفی آنے پر 26 جولائی کوگھربھیج دیا گیا تھا۔

ابھیشک بچن تاحال کرونا سے صحت یاب نہیں ہوسکے اور اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ابھیشک نے والد کی صحتیابی اور اپنے اسپتال میں رہنے سے متعلق ٹویٹس کرتے ہوئے مداحوں کو اس حوالے سے بتایا۔

ابھیشک نے اپنے مداحوں سے وعدہ کیا کہ وہ اس وائرس کو شکست دیکر صحتیاب ہوجائیں گے۔

اس سے قبل جمرات 23 جولائی کو بھارتی میڈیا پر امیتابھ بچن کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کی خبر نشر ہوئی تھی جس کی اداکار نے سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں تاحال اسپتال میں زیر علاج ہوں، کرونا ٹیسٹ منفی آنے کی خبر غلط، جھوٹ اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

بالی ووڈ کے بگ بی اپنی بیماری کے دوران بھی سوشل میڈپا پر خاصے فعال رہے۔