پنجگور سے فورسز کے ہاتھوں خواتین و بچوں کا اغواء غیرانسانی اقدام ہے – ایچ آر سی پی

110

 ایچ آر سی پی اسپیشل ٹاسک فورس تربت مکران کے دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پنجگور میں کارروائی کے دوران 6 عورتوں اور 5 بچوں کے جبری اغواء کی خبروں پر گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں کئی سالوں سے انسانی حقوق کا مسئلہ شدت کے ساتھ موجود ہے اور اس کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایچ آرسی پی پنجگور میں 6 عورتوں اور 5 بچوں کی جبری اغواء کے واقعہ کی مذمت کے ساتھ اسے ایک غیر انسانی، غیر اخلاقی اور آئین سے ماورا اقدام سمجھتی ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ فوری طور پر گرفتار عورتوں اور بچوں کو بازیاب اور رہا کیا جائے اور جتنے ماورائے قانون و عدالت مرد، عورتیں اور بچے جبری اغواء یا گرفتار ہیں انہیں فوراً رہا اور بازیاب کیا جائے، ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی مخدوش صورتحال پر سنجیدہ غور کر کے رویوں میں تبدیلی پیدا کرنے اور شہری حقوق کی آزادیوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدام اٹھائے جائیں۔