واشک زلزلہ:  300 سے زائد خاندان بے گھر

852

بلوچستان کے ضلع واشک میں زلزلے کے باعث سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے جس نے 300 سے زائد خاندان بھی بے گھر ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ذاکر بلوچ کے مطابق جمعرات کی علی الصبح 3 بج کر 40 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے واشک کی تحصیل بسیمہ کا علاقہ کلی ساجد سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق زلزلے سے تقریباً 300 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے لوگ باہر سو رہے تھے اس لیے محفوظ رہے۔ زلزلے کی شدت سے زمین میں دراڑیں بھی پڑگئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ سے پی ڈی ایم اے نے امدادی سامان بھی روانہ کر دیا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 عشاریہ 4 اور مرکز خضدار سے 56 کلو میٹر شمال مغرب میں ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جمعرات کی صبح زلزلے کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔