نوشکی: پاکستانی فورسز کے گاڑی کے قریب دھماکہ

597
file photo

بلوچستان کے ضلع نوشکی اور صنعتی شہر حب میں فورسز اور دیگر افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نوشکی میں فورسز کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

فورسز کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ مین کیمپ سے گرلز کالج کے نزدیک سے گذر رہے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں فورسز کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم حکام کی جانب سے تاحال جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

دریں اثناء حب کے صنعتی ایریا میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ٹائل بنانے والی ایک فیکٹری کی بیرونی دیوار سے دستی بم پھینکنے کے سبب ہوا جس سے فیکٹری کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا۔

حکام نے جانی نقصانات کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے آج بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چار بم دھماکے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل تربت اور مستونگ میں دھماکے ہوئے جن میں فورسز کی گاڑی اور چودہ اگست کیلئے قائم اسٹال کو نشانہ بنایا گیا۔

تربت میں دھماکے کے بعد فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان محمد حیات جانبحق ہوا جس کے خلاف سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مذکورہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے ماضی میں چودہ اگست کی تقریبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔