محرم الحرام: بلوچستان کے 17 اضلاع حساس قرار

224

 بلوچستان کے 17 اضلاع محرم الحرام کے حوالے سے حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 محرم تک بلوچستان میں 3702 پولیس، لیویز و دیگر اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ عاشورہ پر 9854 اہلکار سیکیورٹی پر معمور رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ محرام الحرام کے دوران بلوچستان کی 104 امام بارگاہوں میں مجالس ہوں گی، 17 اضلاع حساس جبکہ کوئٹہ، نصیر آباد، سبی، جعفرآباد انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، بے احتیاطی کی گئی تو کرونا وائرس پھیل سکتا ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ مجالس سے قبل اور بعد میں امام بارگاہوں کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔