شدید بارشوں کے بعد حب ڈیم مکمل بھر گیا

334

سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح مزید 4 فٹ بلند ہوگئی ہے اور ڈیم کو مکمل طور پر بھرنے کے لیے صرف 5 فٹ تک کی سطح کا پانی درکار ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق رواں سال مون سون کے چھٹے اسپیل میں کراچی اور سندھ کے علاوہ بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں بھی شدید بارشیں ہوئی ہیں، جس سے کیچمنٹ ایریاز سے پانی کے غیر معمولی ریلے حب ڈیم پہنچ رہے ہیں۔

واپڈا ذرائع کے مطابق تین روز قبل تک حب ڈیم میں پانی کی سطح 330 فٹ پر تھی۔ آج صبح 9 بجے حب ڈیم میں سطح آب 334 فٹ تک پہنچ چکی تھی اور پانی کی آمد کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش صرف ساڑھے 5 فٹ رہ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 45 کلومیٹر تک کے رقبے پر پھیلے اور 350 فٹ لیول کے حب ڈیم میں 339 فٹ کی سطح تک پانی جمع کیا جاسکتا ہے۔ ڈیم بھرنے کے بعد اضافی پانی اسپل ویز سے خارج ہوکر حب ندی کے راستے سمندر میں گرنے لگتا ہے۔

حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے کو محکمہ زراعت اور کراچی واٹر بورڈ نے آئندہ ڈھائی سے تین سال کی ضروریات کے لیے کافی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ سال اگر مزید بارشیں نہ بھی ہوئیں تو حب ڈیم سال 2023 تک بلوچستان کے کئی علاقوں کو زرعی استعمال اور کراچی کو پینے کا پانی سپلائی کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال مون سون سیزن کی غیر معمولی بارشوں سے حب ڈیم میں لگ بھگ 30 فٹ پانی پہنچ چکا ہے۔