شاہرگ: ایک ہی گھر کے 4 افراد فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

388

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ سے پاکستانی فورسز نے چار افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ٹی بی پی کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شاہرگ میں لونی تنک کے مقام پر پاکستانی فورسز نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران چار بھائیوں کو حراست میں لیا جن میں بازو ولد سالو مری، لانگوو ولد سالو مری، رضو ولد سالو مری اور نیازمحمد ولد سالو مری شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے گذشتہ رات مذکورہ افراد کے گھر کو محاصرے میں لیکر چھاپہ مارا اور اس دوران خواتین و بچوں کو بھی حراساں کیا گیا۔ مذکورہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔

خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے جبری گمشدگیوں کے واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہورہی ہے۔ دوسری جانب لاپتہ افراد کے لواحقین کوئٹہ اور کراچی میں اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔