راشد حسین اور دیگر بلوچ اسیران کی عدم بازیابی کیخلاف جرمنی میں احتجاج

399

احتجاجی مظاہرہ جرمنی کے دارلحکومت برلن میں ہوا۔

ریلیز راشد حسین کمیٹی کی جانب سے آج جرمنی کے دارالحکومت برلن میں راشد حسین کی متحدہ عرب امارات سے جبری گمشدگی اور غیر قانونی پاکستان حوالگی کے خلاف مظاہرہ اور آگہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے دیگر بلوچ اسیران کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر انکی عدم بازیابی کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ راشد حسین کا اہلخانہ گذشتہ دو سالوں سے کراچی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج ہے اور اسی طرح بیرون ممالک میں ہم بھی احتجاجی عمل کے ذریعے راشد حسین کی بحفاظت بازیابی کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور پاکستان کے عدالتی نظام کے تحت انصاف کے طلبگار ہیں، لیکن پاکستانی خفیہ ادارے اپنے ملکی نظام اور ہمارے احتجاج سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اپیلوں کو نظر انداز کرتے ہوئے راشد حسین کو اب تک منظر عام پر لانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

راشد حسین سمیت تمام بلوچ سیاسی کارکنوں کی جبری گمشدگیاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیا‍ں ہیں، ہم دنیا اور پاکستانی قانون کے مطابق انصاف کے طلبگار ہیں۔

مظاہرے کے دوران بڑی تعداد میں جرمن اور انگلش زبان میں پمفلٹ تقسیم کیئے گئے، جس میں بلوچستان میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر جرمن عوام کو آگہی دی گئی۔