لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ میں دھماکوں سے جانبحق افراد کی تعداد 78 ہوگئی ہے جبکہ تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ دھماکے سے چوبیس کلو میٹر دور تک کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
لبنان کے وزیراعظم حسن دیاب نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے اس گودام میں ہوئے جہاں 2785 ٹن ایمونیم نائٹریٹ رکھا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں کہ چھ برس سے یہ مواد وہاں کیسے موجود تھا۔
لبنانی وزیر اعظم نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دھماکے کے ذمے داران کو قیمت چکانا ہوگی۔
دھماکے اس قدر شدید تھے کہ میلوں دور تک عمارتیں لرز اٹھیں اور بندرگاہ کے علاقے میں کئی گاڑیاں اڑ کر عمارتوں کی تیسری منزل پر جاگریں۔ بیروت کے گورنر نے اسے ہیروشیما جیسی تباہی قرار دیا ہے۔