وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے اعلان کردہ دو بونس کرونا رسک الاؤنس محکمہ صحت کے ملازمین کو دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پیرامیڈیکل اسٹاف شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے صدر عبدالسلام بلوچ اور نائب صدر نصیب اللہ بھنگر، فنانس سیکریٹری علی اکبر زہری نے جاری کردہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبائی مرض کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن ورکر کا کردار ادا کرنے والے ملازمین تاحال رسک الاؤنس سے محروم ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے کابینہ منظوری سے دو بونس تنخواہوں کا اعلان کیا جاچکا ہے اسکے علاوہ وفاقی حکومت سندھ خیبر پختونخواہ اور پنجاب حکومت نے تمام ملازمین کو رسک الاؤنس دے دیا ہے صرف بلوچستان کے ملازمین تاحال رسک الاؤنس سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وباء مرض کرونا وائرس کے دوران تمام دفاتر بازار ٹرانسپورٹ تک بند تھے یہی محکمہ صحت کے ملازمین تھے جو جان ہتھیلی پر رکھ کر ہائی رسک میں فرائض سرانجام دے رہے تھے اور اس وقت ان ملازمین کے لیے تعریفی کلمات اور سلیوٹ دیئے جاتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے دوران متعدد ڈاکٹر، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اس وائرس کا شکار ہوکر جام شہادت نوش کرگئے اور محکمہ صحت کے کئی ملازمین کی پوری کی پوری فیملیز تک کرونا وائرس کا شکار ہوگئے مگر افسوس کہ قوم کے ان جانبازوں کو ابھی تک ان کی خدمات کا صلہ نہیں مل سکا ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری محکمہ صحت دوستین جمالدینی، سیکرٹری فنانس نور الحق بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان فرنٹ لائن ورکرز کے لئے فوری طور پر اعلان کردہ دو بونس تنخواہوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔