بلوچستان : مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک

100

حادثات بولان، حب اور واشک میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی میں بولان کے علاقے میں پکنک منانے کے لئے جانے والے دو نوجوان پانی میں ڈوب کر جان بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بولان میں پنجرہ پل کے قریب گلستان سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان سید عبدالوارث اور سید دلاور پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ لیویز نے لاشوں کو پانی سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا، جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صنعتی شہر حب چوکی میں واقع حب ڈیم میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب کر جانبحق ہوگیا، نوجوان کی شناخت سولہ سالہ شاہزیب ولد سبیل شاہ کے نام سے ہوئی جو کراچی کے علاقے شیر شاہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

واشک سے آمد اطلاعات کے مطابق ایک ٹریفک حادثے میں گاڑی الٹنے سے بیٹا الطاف جانبحق جبکہ انکے والد عبدالقادر شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ ناگ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا، جب باپ اور بیٹا اپنی پروبکس گاڑی میں پنجگور سے قلات کی طرف سفر کررہے تھے۔