آج کا سیاسی شعور یافتہ طالب علم کل کے بہترین سماج کا ضامن ہے۔ ڈاکٹر نواب بلوچ

292

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی پنجگور زون کی جنرل باڈی دیوان منعقد۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی پنجگور زون کی جنرل باڈی دیوان زیر صدارت مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ منعقد ہوئی۔
اجلاس میں تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہنے کے علاوہ علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ، بلوچ سماج میں موجود معاشرتی ناہمواریوں اور بلوچ طلباء کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی سیاسی صورتحال کو سمجھنا بلوچ طلبا پر انتہائی لازم ہے کیونکہ عالمی تبدیلیوں کے اثرات براہ راست بلوچ گلزمین کے ساتھ منسلک ہیں۔

شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ سماج میں موجودہ مسائل کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لیے سیاسی و علمی بحث مباحثوں کی اشد ضرورت ہے۔

بلوچ طلبا کو درپیش سنگین حالات پر گفتگو کرتے ہوئے چئرمین نواب بلوچ نے کہا کہ آج دانستہ طور پر بلوچ طلبا پر زمین تنگ کردی گئی ہے جسکی وجہ سے بلوچ طلبا اپنی ڈگریاں چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ان حالات میں ہم پر بحیثیت تنظیم بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بلوچ طلباء کے لئے امید کی کرن ثابت ہو۔ اور طلبا کو آئے دن مسائل سے نمٹنے کے لئے منظم جہدوجہد کرنے کے علاوہ شعوری بالیدگی کے لئے کتاب اور لائبریری کلچر کو فروغ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا سیاسی شعور یافتہ طالب علم ہی کل کے بہتر سماج کا ضامن ہے۔ جس کے لیے ہمیں اپنے مباحثے کو زیادہ سے زیادہ شعوری سمت دینے کی اشد ضرورت ہے۔

آخر میں انہوں نے پنجگور ذون کی کابینہ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پنجگور زون کے رہنماء علاقے کے طلباء کو درپیش تعلیمی مسائل کے حل اور یہاں کے طلباء کی سیاسی شعور میں اضافہ اور کتاب کلچر کے فروغ کے لئے شب و روز جدوجہد کرنے سے گریز نہیں کرینگے۔

دیوان کے آخری ایجنڈہ آئندہ کے لائحہ عمل میں زونل کابینہ کا چناؤ کیا گیا جس کے لئے شاہ نواز بلوچ صدر، شمیلہ بلوچ نائب صدر، عامر الیاس بلوچ جنرل سیکرٹری، سنگت حکیم بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور مقبول بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔