زامران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار ہلاک

249

مقتول کی شناخت یونس حسین کے نام سے ہوئی ہے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل زامران کے علاقے نوانو دشتک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے لیویز فورس کے ایک اہلکار یونس حسین کو قتل کردیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ قتل کے بعد مسلح افراد بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ واضح رہے زامران بلیدہ بلوچستان میں جاری شورش سے متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے، جہاں گذشتہ دو دہائیوں کے دوران تشدد کے مختلف واقعات تواتر کے ساتھ رونما ہوتے آرہے ہیں۔

دریں اثناء تشدد کے ایک اور واقعے میں بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کا ایک واقعہ رونما ہوا۔

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول اطلاعات کے مطابق وڈھ دودکی میں پیش آنے والا یہ واقعہ دو قبائل حمل زی اور گرگناڑی کے مابین زمین کے تنازع پر شروع ہوا۔ فریقین کی ایک دوسرے پر فائرنگ سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد دینے کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء دالبندین سے آمدہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دالبندین میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے احمد نوتیزی نامی شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ہے۔

زرائع کے مطابق زخمی شخص ایک نجی بینک میں ملازم ہے۔ ہسپتال زرائع کے مطابق زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔