چمن: فورسز کی فائرنگ سے خاتون جانبحق، 17 زخمی

554

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے خاتون جانبحق اور سترہ افراد زخمی ہوگئے۔

پاکستان افغان سرحد باب دوستی آل پارٹیز اور تاجر اتحاد کے دھرنے شرکاء اور فرنٹیئر کور اہلکاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فورسز نے فائرنگ کی۔

 لیویز حکام کے مطابق تصادم کے دوران دھکم پیل اور شیلنگ سے کئی خواتین اور بچے بے ہوش جبکہ سترہ کے قریب افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

مشتعل مظاہرین نے سرحد کی بندش پر گیٹ کو توڑ دیا جبکہ بیریئر اور فورسز چوکی کو نذر آتش کردیا گیا۔

حکام کے مطابق ہزاروں مسافر سرحد پار کرکے افغانستان چلے گئے جبکہ حالات کشیدہ ہونے کے باعث فورسز کی مزید نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔