فلم شعلے کے سرما بھوپالی اداکار جگدیپ انتقال کرگئے

410

مشہور زمانہ فلم شعلے میں سرما بھوپالی کا کردار ادا کرنے والے اداکار جگدیپ 81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا مگر فلموں میں جگدیپ کے نام سے مشہور ہوئے اور اس سے بھی زیادہ شہرت انہیں سرما بھوپالی کردار سے ملی جس نے انہیں امر کردیا۔ جگدیپ نے 400 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔

بالی ووڈ میں مزاحیہ اداکاروں کا ذکر اداکار جگدیپ کے بغیر نامکمل رہے گا۔ وہ اپنے اسٹائل کے انڈسٹری میں واحد ایکٹر تھے۔ جگدیپ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ فلم میکر بی آر چوپڑہ کی فلم افسانہ سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے کئی یادگار فلموں میں کام کیا 1957 میں بمل رائے کی فلم دو بیگھا زمین ان کے کیریئر کی بہترین ثابت ہوئی اور یہاں ہی سے ان کے کامیڈی دور کا آغاز ہوا۔

رمیش سپی کی شہرہ آفاق فلم شعلے میں سورما بھوپالی کا کردار آج بھی لوگ اتنا ہی پسند کرتے ہیں جتنا اس وقت جب یہ فلم ریلیز ہوئی تھی۔

جگدیپ نے سورما بھوپالی کے کردار کو ہمیشہ کے لیے یاد گار بنا دیا وہ واحد اداکار تھے جو ایک لفظ کہے بغیر بھی دوسرے کے ہنسنے پر مجبور کر دیتے تھے۔ بالی ووڈ کے مشہور اداکار جاوید جعفری جگدیپ کے بیٹے ہیں جاوید جعفری بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر فلمی شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔