ایران : پراسرار آتشزدگی و دھماکوں کا سلسلہ جاری، تبریز میں فیکٹری آگ سے تباہ

277

ایران کے شمال مغرب میں واقع شہر تبریز میں اتوار کو سیلو فین پرنٹنگ کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

گذشتہ ایک ماہ کے دوران ایران میں ہوئے ایسے کئی واقعات میں سے آتش زدگی کا یہ واقعہ ان میں ایک اور حالیہ اضافہ ہے۔

فیکٹری میں آتش زدگی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے اور اس میں گہرا سیاہ دھواں آسمان کی جانب بلند ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا کے مطابق تبریز کے آگ بجھانے والے عملے نے فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔

ایک اور خبررساں ایجنسی ایلنا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران عملے کے دو ارکان زخمی بھی ہوئے۔

ایران کی کسی سرکاری خبررساں ایجنسی نے اس فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ بیان نہیں بتائی ہے۔

ایران میں جون کے وسط سے فوجی ، جوہری اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

12 جولائی کو ملک کے جنوب مغرب میں واقع ماہشہر میں پیٹرو کیمیکل کے ایک بڑے پلانٹ میں گرم تیل رسنے کے بعد کنٹینروں میں آگ لگ گئی تھی۔

ماہشہر تیل کی دولت سے مالامال جنوب مغربی ایرانی صوبے خوزستان میں واقع ہے۔

چار جولائی کو ماہشہرہی میں واقع پیٹرو کیمیکل کے ایک اور کمپلیکس میں کلورین گیس کے اخراج سے 70 سے زیادہ ورکر بیمار پڑ گئے تھے۔

دارالحکومت تہران میں 11 جولائی کو ایک اقامتی عمارت میں گیس کے دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا تھا نیز جمعہ 10 جولائی کو تہران کے مغربی حصے میں ایک نامعلوم دھماکے کی آواز سنی گئی تھی لیکن اس کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تھی۔