ایرانی بندرگاہ پر آتشزدگی، متعدد جہاز آگ کی لپیٹ میں آگئے، ایرانی میڈیا پر سامنے آئی تصویر میں دھوئیں کے گہرے بادل آتشزدگی کے مقام سے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ بندرگاہ پر آگ بجھانے والا عملہ بھی مصروف کار نظر آتا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بوشہر بندرگاہ پر آتشزدگی کے نتیجے میں وہاں موجود کم از کم سات بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ واقعہ دھماکوں اور آتشزدگیوں کے اس سلسلے میں ایک اور اضافہ بن کے سامنے آیا ہے جن سے ایران حالیہ دنوں میں نبرد آزما رہا ہے۔
ذرائع ابلاغ پر شائع کی جانے والی تصویر میں دھوئیں کے گہرے بادل آتشزدگی کے مقام سے اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ بندرگاہ پر آگ بجھانے والا عملہ بھی مصروف کار ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بدھ کو پیش آنے والے آتشزدگی کے اس واقعے میں تاحال کسی ہلاکت یا میڈیکل ایمرجنسی کی صورت حال سامنے نہیں آئی ہے۔
خیال رہے کہ ایران کا واحد جوہری پاور پلانٹ بوشہر بندرگاہ سے تقریباً 20 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
اس سے قبل حالیہ ہفتوں میں ایران میں عسکری اور عوامی مقامات پر آتشزدگی اور دھماکوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایران کے نیوکلیئر کمپلیکس میں پیش آنے والے حادثے سے حکام کے مطابق کمپلیکس کو بڑا نقصان پہنچا تھا، بعد ازاں ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے ایک مضمون میں اسے امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے ایک ممکنہ سبوتاژ کوشش قرار دیا گیا تھا۔