کراچی طیارہ حادثہ: کپتان کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری

136

ايوی ايشن اتھارٹی نے کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طيارے کے کپتان کی خلاف ورزيوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

خط ميں کہا گيا کہ ايئر ٹريفک کنٹرولر لينڈنگ سے متعلق کپتان کو ہدايت ديتا رہا لیکن کپتان نے عمل نہيں کيا۔ طیارہ کنٹرول زون اپروچ پوائنٹ پر تھا تو طیارے کی بلندی زیادہ تھی۔

خط کے متن کے مطابق کنٹرولر نے کپتان کو وارننگ دی کہ بلندی زیادہ ہے۔ طیارہ 7 ناٹیکل میل پر تھا تو طیارے کی اونچائی 5 ہزار 200 فٹ تھی۔

کنٹرولر نے 2 مرتبہ کپتان کو ہدایت کی کہ طیارے کو بائیں جانب 180 ڈگری پر لے جائیں جبکہ اترنے کی رفتار درکار رفتار سے زائد 250 ناٹ سے زیادہ تھی۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 8303 لینڈنگ سے قبل کراچی کے رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

جہاز میں عملے کے 7 افراد سمیت 99 مسافر سوار تھے جس میں 97 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہونے کے بعد زندہ بچ گئے۔