پنجگور: دو افراد حراست بعد لاپتہ

218

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو افراد حراست میں لیئے جانے کے بعد لاپتہ کردیئے گئے۔

اطلاعات کے مطابق فورسز نے پنجگور تار آفس سے ناصر ولد رحیم بخش اور معراج ولد عبدالغفور کو گذشتہ روز حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہیں۔

مذکورہ افراد پیشے کے لحاظ سے مزدور ہیں جبکہ انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ کام میں مصروف تھے۔

بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح پنجگور میں بھی کئی افراد کے جبری گمشدگیوں کے واقعات ماضی میں رپورٹ ہوچکے ہیں۔ جولائی 2018 میں پنجگور کے علاقے پروم سے ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی جس میں چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھی۔

چار روز قبل بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار پنجگور زون کے پریس سیکریٹری علم بلوچ کو فورسز نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہے۔

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے دیگر علاقوں سے 11 افراد کے جبری گمشدگیوں کے واقعات رونماء ہوچکے ہیں۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنماء ماما قدیر بلوچ کے مطابق بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے کیونکہ اگر ایک شخص بازیاب ہوتا ہے تو مزید دس افراد لاپتہ کیئے جاتے ہیں۔

خیال رہے وی بی ایم پی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔