سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن انتقال کر گئے

559

جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کی عمر 78 برس تھی۔

سید منور حسن گزشہ تین ہفتے سے کراچی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ جمعے کو حرکتِ قلب بند ہونے سے جان کی بازی ہار گئے۔

سید منور حسن پانچ اگست 1941 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ وہ جماعتِ اسلامی کے چوتھے امیر تھے جنہوں نے 2009 سے 2014 تک جماعتِ اسلامی پاکستان کے سربراہ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

اس سے قبل وہ جماعتِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

سید منور حسن نے خرابی صحت کے باعث 2014 میں دوسری مدت کے لیے جماعتِ اسلامی کی امارت کا انتخاب لڑنے سے معذرت کر لی تھی۔

وہ جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلٰی بھی رہے تھے۔

منور حسن 1977 کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔