تربت : بی ایس او کی جانب سے چیئرمین منظور کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

221

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کی جانب سے شہید چیئرمین منظور بلوچ کی یاد میں زونل صدر عظیم بلوچ کی زیر صدارت ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔

تعزیتی ریفرنس کے  مہمان خاص بی این پی کے ضلعی صدر  شے نذیر بلوچ جبکہ اعزازی مہمان بی ایس او کے سی سی ممبر حانی بلوچ اور کراچی زون کے صدر عبداللہ میر تھے۔

تعزیتی ریفرینس کا آغاز شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کی گئی، جبکہ مقررین نے بعد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید چئیرمین منظور بلوچ کی ناگہانی رحلت ہر درد مند  سیاسی شعور کے حامل فرد کے لیے ایک صدمہ ہے،  چیئرمین منظور بلوچ نے بی ایس او سے لیکر بی این پی تک بلوچستان کی نظریاتی سیاسی اساس اور عوام میں حقیقی سیاسی شعور کی بیداری کے لیے مخلصانہ جدوجہد کی، چیئرمین منظور کی سوچ، فکر و فلسفے نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ بالخصوص مستونگ شہر کو سیاسی شعور فراہم کیا، انہوں نے زمانہ طالب علمی سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور پوری زندگی سیاست سے جڑے رہے اور آخری دم تک اپنے نظریات پر قائم رہتے ہوئے جدوجہد کرتے رہے، انہوں نے مادر وطن کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، اور اس جیسے ہمدرد لیڈر کی قربانیاں قابلِ احترام ہیں اور تا ابد یاد رکھی جائیں گی۔

چیئرمین منظور نے ہروقت بلوچستان کے لئے کام کیا، بی ایس او کے دور سے علمی اور سیاسی جدوجہد کا حصہ بنے رہے، تاریخ میں آپکا نام یقیناً سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

اجلاس کے آخر میں تمام شرکاء نے چیئرمین منظور بلوچ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔