بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے شہر بندرا میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
اداکار سُشانت سنگھ کے قریبی دوست سُدھر چوہدری نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ بھی کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ سُشانت نے ممبئی میں اپنے گھر میں خود کو لٹکا کر خودکشی کرلی۔
Sushant hanged himself at his home in Mumbai. Documents show he was under treatment for depression. https://t.co/vrBVA5anpL
— Sudhir Chaudhary (@sudhirchaudhary) June 14, 2020
سُشانت سنگھ کے قریبی دوست سُدھر چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ دستاویزات کے مطابق وہ ڈپریشن کی بیماری کا علاج کروارہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سُشانت سنگھ اپنے گھر میں اکیلے ہی رہ رہے تھے، خودکشی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اداکار کے گھر پہنچی جہاں تاحال خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی جب کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس نے اداکار سُشانت سنگھ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے جس کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق 5 دن قبل اداکار کی سابق منیجر دیشا سالان نے بھی خود کشی کی تھی جو کہ ڈپریشن کا شکار تھیں۔
خیال رہے کہ اداکار سُشانت سنگھ نے اپنے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ ‘کس دیش میں ہے میرا دل’ سے کیا تھا بعد ازاں انہوں نے فلم ‘پی کے’، ایم ایس دھونی’، ‘کیدارناتھ’، ‘رابطہ’ جیسی فلموں میں اداکاری کی ہے۔