ہزارہ ٹاون واقعہ کھلی دہشت گردی ہے – نیشنل پارٹی

136

نیشنل پارٹی کے ترجمان نے ہزارہ ٹاون واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انسانیت سوز اور کھلی دہشت گردی ہے۔

ترجمان نے واقعے میں شہید ہونے والے جوانسال بلال نورزئی کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کی ۔

بیان میں کہا گیا کہ  قانون ہاتھ میں لیکر نہتے نوجوانوں پر تشدد اور قتل کرنے سے معاشرے میں نہ صرف تشدد کے رحجانات کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نفرتوں کی نئی دیواریں کھڑی ہونگی جن کا زخموں سے چور کوئٹہ شہر متحمل نہیں ہو سکتا۔

 ترجمان نے واقعہ کے دوران حکومتی نااہلی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے بسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے  میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیئے بلوچستان ہائی کورٹ کے قابل احترام ججز پر مشتمل کمیشن تشکیل دیکر اصل ملزمان تک رسائی حاصل کی جائے۔

 ترجمان نے ہزارہ برادری کے سنجیدہ حلقوں اور عمائدین سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اصل مجرموں کوقانون کے حوالے کرنے میں اپنا کردار کرتے ہوئے اجتماعی منافرت کی روک تھام میں اپنا حصہ ڈالیں گے اور ساتھ ہی متاثرہ خاندانوں سے گزارش کی کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری انداز میں پرامن احتجاج اور قانونی راہ اختیار کرتے ہوئے زمہ داری کا مظاہرہ کریں گے ، نیشنل پارٹی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ زمہ دار افراد کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔