بلوچسان کے دارالحکومت کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاج کو 3945 دن مکمل ہوگئے۔ پی ٹی ایم کے منظور کاکڑ نے ساتھیوں کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا۔
وی بی ایم پی کے رہنما ماما قدیر بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بلوچ قوم کی روز اول سے نسل کشی پر تلا ہوا ہے لیکن بلوچ عوام نے اپنی پر امن جدوجہد کو جاری رکھ کر خود کو منوایا اور پاکستانی بربریت کے سامنے اپنی جدوجہد کو جاری رکھا جو ایک مضبوط شکل اختیار کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا تسلسل رک نہیں رہا ہے، بلوچ فرزندوں کو لاپتہ کرنا، ان کی لاشوں کو مسخ کرکے پھینکنا آبادیوں پر حملہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔
ماما قدیر نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کی خاموشی کو دیکھ کر پاکستانی فورسز بلا جھجک بلوچستان کے کونے کونے میں بلوچ نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ظلم اور جبر کا یہ تسلسل ہر مہینے کی طرح ماہ اپریل میں بھی شدت کے ساتھ جاری رہا ہے۔