کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

633
فائل فوٹو

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تاہم موسلادھار بارش کی وجہ سے کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی۔

بدھ کو دوسرے روز بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع جن میں پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ و دیگر شامل ہیں، بارش کے با عث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے ہیں تاہم کو ئٹہ کی مختلف شاہراہیں دوسرے روز کی بارش کے بعد ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی۔

بارش کے دوران شہر کی مارکیٹوں میں خریداری کا عمل بھی کچھ دیر کے لئے سست روی کا شکار ہوا تاہم بعد ازاں عید کی تہوار کے لئے خریداری کر نے والوں کا رش بدستور بڑھا اور لوگوں نے سرد موسم میں خریداری کی۔

اس موقع پر کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا تھا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے گرمی کی شدت میں اضافے نے ان کا برا حال کر دیا تھا بلکہ روزے میں مشروبات کا استعمال بھی اپنے عروج کو پہنچ چکا تھا لیکن اب بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آچکی ہے جو کہ روزے داروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

ادھر شعبہ زراعت سے وابستہ افراد نے بارش کو گندم اور دیگر فصلات کے لئے فا ئدہ مند قرار دیا ہے۔ تاہم سبزی کی حال میں کی جانے والی کھیتی باڑی کا عمل اس سے متاثر ہوکر رہ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آنے والے دو تین دنوں میں موسم ابر آلود رہنے اور مزید بارش و ژا لہ باری کی بھی پیشنگوئی کر دی ہے۔