کرونا کے باعث عید کے موقع پر کرفیو لگائی جائے – عبدالولی کاکڑ

131

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے بلوچستان میں کووڈ19 (کورونا وائرس) کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس وباء سے غریب عوام کو محفوظ بنانے کیلئے رمضان المبارک اور عید کے موقع پر کرفیو لگائیں بلکہ اس حوالے سے علماء کرام عوام میں پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے عوام فوری طور پر سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وہ خود کو اس وباء سے محفوظ کرسکیں۔

ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے حوالے سے وارننگ جاری کرتے ہوئے آنے والی صورتحال کو تشویش ناک قرار دیا ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ کیسز میں اضافے کی روک تھام کیلئے عید کے موقع پر اور رمضان المبارک کے آخر میں فوری طور پر کرفیو لگائیں، بلوچستان میں صحت کی سہولیات کے فقدان کے باعث غریب عوام علاج و معالجے کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ خود کو اس وباء سے محفوظ کرسکیں۔

انہوں نے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں لوگوں میں پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔ اس سے دنیا کا ہر شخص جو احتیاط نہیں کرے گا متاثر ہوگا جس طرح آج دنیا میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس سے متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے باعث عید کے موقع پر کسی سے عید نہیں ملیں گے اور تمام افراد سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں زحمت سے گریز کریں۔