پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق یہ ایئر بس اے 320 طیارہ ملک کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا تھا اور لاہور سے کراچی آ رہا تھا کہ لینڈنگ سے قبل حادثے کا شکار ہو گیا۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی کے قریب ایسے علاقے میں گرا ہے جہاں انسانی آبادی موجود ہے۔
طیارہ گرنے کے بعد اس میں اور اس کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ٹی وی پر دکھائی دینے والی فوٹیج میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی یہ پرواز پی کے 8303 دوپہر ایک بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے پر 107 افراد سوار تھے جن میں عملے کے آٹھ ارکان اور 99 مسافر شامل ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور اس سے ہونے والی جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے تاہم آبادی پر گرنے کی وجہ اس حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کوورنا کی وبا پھیلنے کے بعد اندرونِ ملک پروازوں کا سلسلہ دو ماہ تک معطل رہنے کے بعد حال ہی میں شروع ہوا ہے۔