پاکستان کا افغانستان میں عید پہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا خیر مقدم

200

پاکستان نے طالبان اور افغان حکومت کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر 3 روزہ جنگ بندی کے اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے۔

 پاکستان کے وزارت خارجہ کے ترجمان عائشہ فاروقی نےکہا کہ پاکستان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز طالبان اور افغان حکومت نے رمضان المبارک کے اختتام پر عیدالفطر کے موقع پر 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی خبررساں ادارے ‘اے پی’ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان طالبان رہنما کے عیدالفطر کے پیغام کے بعد کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ امن معاہدے پر قائم ہیں۔

جنگ بندی کے حوالے سے جاری حکم نامے میں طالبان جنگجوؤں کو لڑائی نہ کرنے بلکہ افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اخوت قائم نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ہدایات میں طالبان کو کہا گیا تھا کہ کسی بھی جگہ پر دشمن پر حملہ نہ کریں لیکن اگر دشمن کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی حکم نامے میں طالبان کو دشمن کے علاقے میں داخل نہ ہونے کی تنبیہ کی گئی تھی۔

بعدازاں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اشرف غنی نے کہا تھا کہ بطور کمانڈر ان چیف میں نے اے این ڈی ایس ایف کو 3 روزہ جنگ بندی پر عمل کرنے اور صرف حملےکی صورت میں دفاع کی ہدایت کی ہے۔