پاکستانی فوجی کیمپ اور انکو سامان سپلائی کرنے والے دو ٹرکوں کو نشانہ بنایا – بی ایل ایف

238

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے ضلع آواران میں فوجی چوکی اور ضلع کیچ میں پاکستانی فوج کو سامان سپلائی کرنے والے دو ٹرکوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔

میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ضلع آواران کے علاقے زیارت ڈن میں پاکستانی فوج کے چوکی پر سرمچاروں نے پیر کے روز شام 6 بجے جدید ہتھیاروں، اسناپر رائفل اور راکٹوں سے حملہ کر کے چار اہلکاروں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد حواس باختہ فوج نے عام آبادی پر مارٹر کے گولے برسائے۔

میجر گہرام بلوچ نے مزید کہا کہ ضلع کیچ کے علاقے کولواہ مراستان میں سرمچاروں نے پاکستانی فوج کو سامان سپلائی کرنے والی دو ٹرکوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ایک نئی چوکی کی تعمیر کیلئے سامان اتار رہے تھے۔ ان کی ترسیل میں مقامی ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کا استعمال کیا گیا تھا، بلوچ ہونے کے ناطے ڈرائیوروں اور گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا اور لدھے ہوئے تمام سامانوں کو جلا کر خاکستر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی ٹرانسپورٹ کو تنبیہہ کرتے ہیں کہ وہ بلوچ نسل کشی میں مصروف پاکستانی فوج کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہ لیں۔ بصورت دیگر وہ اپنے ہر قسم کے نقصان کا ذمہ دار خود ہوں گے۔