نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے آزادی صحافت کے دن کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آزاد صحافت کسی بھی سماج کے لیے شعوری ترقی کا شیوہ ہوتا ہے اور مجموعی سماج کی جملہ مسائل مشکلات اور بہتری کی عکاس ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں آزادی صحافت پر ہمیشہ قدغن لگایا جاتا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت نے تو میڈیا کا گلہ گھوٹنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی بلاجواز گرفتاری حق و سچ کی آواز کو روکنے کی تسلسل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نیشنل پارٹی ملک میں آزاد صحافت کی علمبردار ہے۔ ملک و خطے میں دہشت گردی و انتہاپسندی سنگین صورتحال سے دوچار رہا ہے لیکن اس کے باوجود صحافی برادری نے مشکل حالات میں بھی اپنی صحافیانہ ذمہ داریوں کو مکمل طور پر سرانجام دیا ہے۔ سینکڑوں صحافی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت نے آزاد میڈیا کو بزور قوت روکنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پسند و ناپسند کے ذریعے میڈیا میں تقسیم کا سلسلہ سلیکٹڈ حکومت نے جاری رکھا ہے۔ دوسری طرف اخباری صنعت سے وابستہ افراد معاشی مشکلات کا شکار ہے لیکن حکومت اخبارات کے ساتھ ناانصافی روا رکھے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی آزاد صحافت کی قائل ہے اور آزادی صحافت کی جدوجہد میں صحافی برادری کے ساتھ ہے۔ نیشنل پارٹی میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کی ہر فورم پر مذمت کرتی رہے گی۔