فیروز بلوچ کو بازیاب کیا جائے – بی ایس اے سی

262

بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے تنظیم کے سابق وائس چیئرمین فیروز بلوچ کی ماورائے عدالت گرفتاری کو ایک برس کا عرصہ مکمل ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیروز بلوچ کو ایک سال کی اسیری کے باوجود منظر عام پر نہ لانا نہایت ہی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 29 مئی کو فیروز بلوچ اور اُن کے قریبی رشتہ دار جمیل بلوچ عید کی چھٹیاں گزارنے اپنے آبائی علاقہ پنجگور جا رہے تھے جب انہیں قلات کے مقام سے جبری طور پر گرفتار کیا گیا،تنظیم کی جانب سے مرکزی عہدیدار کی جبری گمشدگی کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا اور حکومتِ وقت سے اپیل کرنے پر جمیل بلوچ کو چند ماہ بعد بازیاب کیا گیا جبکہ فیروز بلوچ کو آج تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔

فیروز بلوچ ایک تعلیم دوست انسان ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہی علم کے شمع کو بلند کیے رکھا،انجینئرنگ کی ڈگری مکمل ہوتے ہی انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی میں شعبہ بلوچی میں داخلہ لیکر اپنی تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھا، ایک سال کی جبری گمشدگی کی وجہ سے اُن کا تعلیمی تسلسل جمود کا شکار ہے جو کہ نہایت ہی تشویشناک ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تنظیم کے سابق مرکزی عہدیدار کی ایک سال کے  عرصے سے گمشدگی طلبا سیاست پر قدغن کے مترادف ہے، اِس طرح کے واقعات طالبعلموں میں خوف و ہراس اور تعلیمی اداروں میں گھٹن جیسی فضا قائم کرتی ہیں جس کی وجہ سے طالبعلموں کے علمی،تخلیقی اور سیاسی صلاحیتیں مانند پڑ جاتی ہیں، لہذا ضرورت اس امر کی ہے طلبا سیاست پر جاری قدغن کو ختم کیا جائے اور فیروز بلوچ سمیت دیگر سیاسی اسیران کو جلد از جلد بازیاب کیا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ فیروز بلوچ کی جبری گمشدگی کو ایک برس کا عرصہ مکمل ہونے پر تنظیم کی جانب سے اُنکی بازیابی کےلیے ایک آن لائن کمپین کا اعلان کیا گیا ہے،تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے کمپین کا حصہ بن کر اسے کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔