سوراب/نصیر آباد: فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک

338

بلوچستان کے علاقے سوراب اور نصیر آباد میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

سوراب کے علاقے گدر میں بازار کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سکندر خان ریکی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔

میر سکندر خان ریکی ولد مراد بخش ریکی گذشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

دریں اثنا پولیس تھانہ منجھو شوری کے حدود میں ایک ہی قبیلے کے دو گروپوں میں جھگڑے سے دو افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

خیال رہے گذشتہ روز واشک اور بغاؤ میں تصادم کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور لیویز اہلکار سمیت تین زخمی ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق واشک کے سب تحصیل ناگ میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے لیویز اہلکار علی اکبر سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ بغاؤ کے علاقے میں قبائلی دشمنی پر تین افراد  ہلاک ہوگئے تھے۔