تمام لاپتہ سیاسی کارکنوں کو عید کے موقع پر بازیاب کیا جائے – ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

155

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے عوام سے اپیل کی کہ عیدالفطر انتہائی سادگی اور مکمل احتیاط سے منائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پشتونخواہ کے سینکڑوں خاندان اس وقت اپنے پیاروں سے محروم ہیں ریاستی اداروں نے ماوراء آئین اقدامات سے جبری طور پر ان کے پیاروں کو لاپتہ کر رکھا ہے جو ملک کی آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے ہمارا آئین اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دیتا کہ ریاستی ادارے کسی فرد پر لگے الزامات کے پیش نظر ان کو کال کھوڑیوں میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنائیں اور عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے اس کو عقوبت خانوں میں رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک جمہوری ملک ہے جس کا ایک آئین ہے اس لیے تمام اداروں کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے آئینی و قانونی داہرہ اختیار سے تجاوز نہ کریں اگر کسی بھی شخص پر کوئی جرم سرزد ہوا ہے اور اس پر مقدمہ بن سکتا ہے تو اس پر مقدمہ کرکے اس کو عدالت میں پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلتے ہوئے وبائی امراض کورونا کے پیش نظر بھی عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور حکمت عملی کی وجہ سے وبائی وائرس ملک بھر میں پھیل چکا ہے اور روز بہ روز پھیلتا جارہا ہے کرونا جان لیوا بھی ہوسکتا ہے اپنے پیاروں اور بزرگوں کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم بین الاقوامی اداروں کے ہدایات پر عمل درآمد کرکے اپنے گھر والوں کو محفوظ بنائیں،ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں،غیر ضروری طور پر باہر نہ جائیں،ایک دوسرے سے ملنے میں احتیاطی ہدایات پر عمل کریں،باہر جانے کی صورت میں ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں۔