بلوچ ڈاکٹرز فورم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا صوبے میں تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن حکومت وقت اپنے ناکام پالیسیوں کے باوجود پر اطمینان نظر آرہی ہے جس کا واضع ثبوت لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کرنا ہے۔
بی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اگر اس وبا کے پھیلاو کو روکنا ہے تو لاک ڈاون کو مزید سخت کرکے عوام کو گھروں میں رہنے کے لیے پابند بنایا جاتا لیکن عوام اور حکومت دونوں اپنے فرائض سے غافل نظر آرہے ہیں۔ حکومت وقت نہ صرف اس وبا کو روکنے میں ناکام دیکھائی دے رہی ہے بلکہ عوام کو اس وبا سے بچنے کے لئے آگاہی مہیا کرنے میں بھی ناکام رہی ہے اور آگاہی کی کمی ہی عوام کو پابندی کے باوجود گھروں سے نکلنے کا سبب بن رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاو دوسرے صوبوں کی نسبت بلوچستان میں سب سے زیادہ ہے لیکن ناکافی اسکریننگ کی وجہ سے مریضوں کی اصل تعداد کا پتہ نہیں چل پا رہا۔ اگر یہی صورتحال رہی تو وسائل اتنے کم ہو جائیں گے کہ صحت کا پورا نظام بیٹھ جائے گا۔
بی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ حکومت وقت ہوش کے ناخن لے اور لاک ڈاون پر نرمی کے بجائے مزید سختی کی جائے اور عوام کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا پابند کیا جائے۔