بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت لسبیلہ، بارکھان اور چاغی میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
اسی طرح لسبیلہ میں بیلہ کے قریب مرکزی شاہراہ کھیر گولائی کے مقام پر اورناچ سے حب جانے والی کار گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، کار حادثے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور تمام زخمیوں کو متاثرہ گاڑی سے ریسکیو کرکے ٹیارہ ریسکیو سینٹر منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو جام غلام قادر سول اسپتال حب منتقل کردیا گیا۔
دریں اثنا ضلع بارکھان کے شہر رکنی کے علاقے موضع ڈیکا بستی خمیس میں آپس کی لڑائی میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں تین بھائی حاجی عزیز، جمیل اور حکیم اور ایک خاتون شامل ہیں۔
اسی طرح چاغی شے سالار میں زمین کے تنازعے پر ایک ہی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد امیر بخش، قیصر خان، حضور بخش، نور بخش اور گل حسن شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو آر ایچ سی چاغی میں طبی امداد دی گئی اور بعدازاں انہیں دالبندین ریفر کردیا گیا۔ مزید تفتیش چاغی انتظامیہ کر رہی ہیں۔