اوتھل: کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ، ایرانی ڈیزل پکڑا گیا

283

پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقوں اوتھل اور وندر میں کارروائیاں کرکے کروڑوں روپے مالیت کی چھالیہ اور اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل قبضے میں لے کر 20 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق اوتھل کے قریب مختلف گاڑیوں سے 22 ٹن سے زائد چھالیہ برآمد کرکے 10 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ وندر کے قریب ایل پی جی ٹینکڑز اور ٹرکوں سے 19 کلو چھالیہ برآمد ہوئی، جہاں 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

 

وندر میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک کار گاڑی سے نایاب نسل کے 42 پرندے برآمد کرکے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ وندر میں ہی ایک کارروائی کے دوران 7 ہزار 200 لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

کوسٹ گارڈز حکام کے مطابق  چھالیہ اور ایرانی ڈیزل کے ساتھ  1 ڈمپر، 8 ٹرک، 3 کاریں، 2 لینڈ کروزر بھی قبضے میں لی گئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 11 کروڑ 54 لاکھ روپے ہے۔