کیچ اور پنجگور میں دوسرے روز بھی آپریشن جاری

240

بلوچستان کے ضلع کیچ اور پنجگور کے نواحی علاقوں میں پاکستانی فورسز کی دوسرے روز بھی آپریشن جاری ہے، دوران آپریشن کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ روز شام کے وقت کولواہ کے علاقے بدرنگ، ناگ، کل دان اور کڈ ءِ ہوٹل میں آپریشن کا آغاز کیا گیا جو آج بھی جاری ہے۔

بدرنگ میں آپریشن کے دوران فورسز نے ماسٹر بدل ولد یار محمد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ ناگ، کل دان اور کڈ ءِ ہوٹل میں گھروں کو نظر آتش کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔ پاکستانی فورسز نے ناگ میں پرائمری اسکول پر اپنا چوکی قائم بھی قائم کردیا ہے۔

فورسز نے پنجگور کے علاقے کیلکور میں کلیڑی، پلِ مک اور سیتوک میں آپریشن کرتے ہوئے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران فورسز نے کلیڑی سے عظیم نامی شخص حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ فورسز نے کاشت میں اپنی چوکی قائم کردی ہے۔

خیال رہے گذشتہ روز بھی پنجگور سے دوران آپریشن کئی افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

عسکری حکام کی جانب سے تاحال مذکورہ علاقوں میں آپریشن کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔