کاہان : تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی کے اہلکاروں پر حملہ

342

بلوچستان میں گذشتہ دو دہائی کے عرصے سے متعدد حملوں میں تعمیراتی و تیل و گیس کمپنیوں سمیت سی پیک اور دیگر پراجیکٹس کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے کاہان میں نامعلوم افراد نے تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی کے اہلکاروں کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا ہے۔

مسلح افراد نے رستر کے پہاڑی علاقے میں کمپنی کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے، دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی اہلکاروں کو جانی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں تاہم حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

خیال رہے رواں ماہ کے اوائل میں سبی اور کاہان کے درمیان کوڈگ کے مقام پر تیل تلاش کرنے والی کمپنی کے گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بی آر جی نے قبول کی تھی۔

بی آر جی ترجمان دوستین بلوچ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنی کے گاڑی کو اس وقت ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جب وہ فرنٹیر کور کے سیکورٹی میں کاہان اپنے کمپنی کے بیس کیمپ جارہے تھے۔

بعدازاں بی آر جی نے حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی تھی۔

بلوچ آزادی پسندوں کا موقف ہے کہ مذکورہ کمپنیاں تعمیرات کے نام پر استحصال کررہی ہے اور بلوچ قوم کے مرضی کے برخلاف اپنے پراجیکٹس چلارہے ہیں جس کے باعث انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کاہان میں آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔