پنجگور/لورالائی: لیویز فورسز پر حملے میں اہلکار زخمی، اسلحہ برآمد

198

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں لیویز فورس کی گاڑی فائرنگ کرکے مسلح افراد نے نشانہ بنایا جبکہ لورالائی سے فورسز حکام نے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پنجگور کے علاقے گر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار بہرام زخمی ہوگیا۔

دریں اثنا فورسز حکام نے دعویٰ کیا کہ لورالائی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق کلی باور کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ایک مکان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونیوالے اسلحہ میں 10 عدد راکٹ لانچر، ایل ایم جی کے 100 راؤنڈز، 303 رائفل کے 100 راؤنڈز، 8 کلو نٹ بولٹس، دھماکا خیز فیوز اور رائفل دوربین شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان اسلحہ مکان میں چھپا کر فرار ہوگئے، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

دوسری جانب ضلع مستونگ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق واقعہ دشت تیرہ میل میں پیش آیا جہاں دو گروپ زمین کے تنازع پر آپس میں لڑ پڑے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی۔ لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

تصادم کے نتیجے میں دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے چھ افراد قائم خان، عابد، فقیر محمد، حاجی فتح، منظور احمد اور سہراب خان زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تصادم  رکوا کر زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔