عوام کو تاریخ کے غیر سنجیدہ ترین حکمرانوں سے واسطہ پڑا ہے – حاصل بزنجو

208

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء  سابق وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ عوام کو تاریخ کے غیر سنجیدہ ترین حکمرانوں سے واسطہ پڑ گیا ہے کورونا وائرس کی صورت میں موت ہمارے گھروں پر دستک دے رہی ہے اور حکمران چین کی نیند سورہےہیں، روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت تاریخ کے مشکل ترین صورتحال کا سامنا کررہی ہے یورپ اور امریکہ سمیت روزانہ ہزاروں افراد کورونا وائرس کے وباء کی پیش نظر اپنی زندگیوں سے محروم ہورہے ہیں اور اس وباء نے ہمارے ملک کو بھی گھیر لیا ہے حکمرانوں کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے ہمارے عوام بھی ایسے سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں اس صورتحال میں بھی حکمران جماعت اپوزیشن کے ساتھ ملکر حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں اور عوام دونوں نے کورونا وائرس کے وباء کو سنجیدگی سے نہیں لیا بین الاقوامی اداروں ڈبلیو ایچ او کے احکامات و ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا تو اس ملک و قوم کو آنے والے مشکل صورتحال سے کوئی نہیں بچا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا ابھی بھی وقت ہے تمام سیاسی جماعتیں ملکر کورونا وائرس کے خلاف بھرپور کمپین چلائیں اور عوام کو یہ باور کرادیں کہ کورونا وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے اور اس سے تدارک کا واحد راستہ بین الاقوامی اداروں ڈبلیو ایچ او کے ہدایات پر عمل در آمد سے ممکن ہے اگر یہ غیرسنجیدگی مزید کچھ عرصہ جاری رہی تو اس کے نقصانات سے بچنا ممکن نہیں اور اس غیر سنجیدگی کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت اور ریاست پر عائد ہوتی ہے۔