سعودی عرب : شاہی خاندان کے 150 افراد کورونا وائرس میں مبتلا

145

 سعودی عرب کے شاہی خاندان کے درجنوں افراد کورونا وائرس میں مبتلا ، جبکہ ریاض کے گورنر اور سینئر سعودی شہزادہ کو آئی سی یو میں بھرتی کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے  شاہی خاندان کے کئی دیگر افراد کے بھی مرض میں مبتلا ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جبکہ آل سعود خاندان کے علاج کیلئے مقرر ڈاکٹروں اور مخصوص اسپتالوں میں پانچ سو خاص بستروں کا انتظام بھی کر دیا گیا ہے کیونکہ متاثرین کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 150 شاہی خاندان کے افراد متاثر ہیں۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شاہی خاندان کے افراد کے علاج کیلئے جو الرٹ جاری کیا گیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ ’’ملک بھر سے شاہی خاندان کے افراد کے علاج کیلئے تیار رہیں‘‘ یہ الرٹ کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کی طرف سے سینئر ڈاکٹروں کو بھیجا گیا ہے۔

 نیویارک ٹائمز کو اس کی نقل موصول ہوئی ہے۔ الرٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں نہیں معلوم کہ متاثرین کی کتنی تعداد کا علاج کرنا ہوگا لیکن صورتحال کیلئے ہائی الرٹ رہنا ہوگا، تمام دیگر مریضوں کو دیگر مقامات پر منتقل کر دیا جائے اور صرف انتہائی ہنگامی کیسز سے نمٹا جائے۔

اسپتال کے کسی بھی بیمار رکن کا علاج اسپتال میں نہیں کیا جائے گا، اسپتال صرف شاہی خاندان کے ارکان کے علاج کیلئے مختص رہے گا۔‘‘

 سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے 6 ہفتوں بعد اب یہ وباء شاہی خاندان کے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے۔

 شاہ سلمان نے جدہ کے قریب ایک جزیرے پر قائم محل میں خودکو تنہا کرلیا ہے جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی کچھ وزراء کے ہمراہ خود کو الگ مقام پر محدود کر دیا ہے۔